پی ٹی آئی جلسہ منسوخی، خیبرپختونخوا حکومت نے علیمہ خان کے دعوؤں کے برعکس بیان دے دیا
خیبرپختونخوا حکومت کے مشیراطلاعات بیرسٹر سیف نے پارٹی رہنما اعظم سواتی اورعلیمہ خان کے دعوؤں کے برعکس بیان دے دیا۔میڈیا کے ساتھ میں بات کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ جلسہ منسوخی کیلئے بانی پی ٹی آئی نے نہیں بلایا۔انہوں نے کہا کہ رات گئے پشاور میں مرکزی قیادت نے حکومت سے تصادم کے خدشے پر یہ فیصلہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کی جائے، صبح کو بیرسٹر گوہر اور اعظم سواتی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے گئے، جس کے بعد بانی پی ٹی آئی نے جلسہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ علیمہ خان کو اگر کسی چڑیا نے بتایا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نے یہ ملاقات کروائی تھی تو اس کا جواب وہ خود دیں گی، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا فیصلہ پارٹی کا تھا۔یاد رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے جلسہ ملتوی کرنے پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان پی ٹی آئی رہنماؤں پر برس پڑی تھیں۔علیمہ خان نے پی ٹی آئی رہنماؤں پر الزام لگایا کہ کسی کا ارادہ ہی نہیں کہ عمران خان کو جیل سے باہر نکالا جائے