ملک میں نئے مون سون اسپیل کی انٹری، موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب، بجلی معطل
(اردو ایکسپریس)
ملک میں نئے مون سون اسپیل کی انٹری ہوگئی، مختلف شہروں میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جبکہ 9 افراد اور 40 مویشی سیلابی ریلے میں پھنس گئے۔
پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں طوفانی بارش ہوئی ہے جبکہ نارووال، میانوالی اور بھلوال سمیت کئی شہروں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
لاڑکانہ اور قمبر شہداد کوٹ میں رات گئے موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، بجلی کی فراہمی معطل ہو کر رہ گئی۔
شکرگڑھ کے نالہ بئیں میں اونچے درجے کا سیلاب ہے، ریسکیو حکام کے مطابق چاتری اور رائے پور میں 9 افراد اور 40 مویشی سیلابی ریلے میں پھنس گئے جبکہ نالہ بئیں میں پھنسے کسانوں اور چرواہوں کو ریسکیو کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔
سیلابی پانی چاتری بروٹی، فتح پور سمیت درجنوں نشیبی دیہات میں داخل ہوگیا، سیلابی ریلے سے ہزاروں ایکڑ پر دھان اور مکئی کی فصل کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔