پیرس اولمپکس رنگا رنگ تقریب کے ساتھ اختتام پذیر، امریکا نے میدان مار لیا
(اُردو ایکسپریس)
کھیلوں کی دنیا کا سب سے بڑا میلہ پیرس اولمپکس رنگارنگ اختتامی تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا، امریکا 126 میڈلز کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ چین نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔
پیرس میں 26 جولائی سے شروع ہونے والا کھیلوں کی دنیا کا سب سے بڑا میلہ پیرس اولمپکس 2024 اختتام پذیر ہوگیا، اسٹیڈیم ڈی فرانس میں رنگا رنگ اختتامی تقریب منعقد کی گئی جبکہ اسٹیڈیم رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگا اٹھا۔
اختتامی تقریب میں مختلف مملکوں کے دستوں نے مارچ پاسٹ کیا، ایتھلیٹ فائقہ ریاض نے قومی پرچم اٹھا کر ملک کی نمائندگی کی۔ کم جونگ اُن اور ڈونلڈ ٹرمپ کا روپ دھارنے والے اختتامی تقریب میں توجہ کا مرکز بنے رہے۔
اس کے بعد فنکاروں نے خوب رنگا جمایا، سینکڑوں فنکاروں نے دلکش پرفارمنس کا مظاہرہ کیا، فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون اور ان کی اہلیہ بھی اختتامی تقریب میں شریک ہوئے۔