پاک فوج کے افسران وجوان اس ملک کی اشرافیہ نہیں، کیا تنقید کی وجہ سے کام چھوڑ دیں: ڈی جی آئی ایس پی آر
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا ہےکہ پاک فوج کے افسران وجوان اس ملک کی اشرافیہ نہیں،کیا تنقید کی وجہ سے کام چھوڑ دیں، 9 مئی سے متعلق فوج کا بڑا واضح مؤقف ہے، اس مؤقف میں نہ کوئی تبدیلی آئی ہے نہ آئےگی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ رواں سال دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف 32 ہزار 622 آپریشن کیے۔ حکومت کی جانب سے 2 دہشت گرد تنظیموں پر پابندی لگائی گئی ہے جب کہ ٹی ٹی پی کو خوارج الفتنہ کے نام سے نوٹیفائی کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے افسران و جوان ملک کے متوسط طبقے اور غریب خاندانوں سے آتے ہیں یہ اشرافیہ میں سے نہیں ہیں۔ پاک فوج اور اس کے زیر انتظام اداروں نے صرف 23-2022 مجموئی طور پر 360 ارب روپے قومی خزانے میں ٹیکس اور ڈیوٹیز کی مد میں جمع کروائے۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ بلوچستان میں تعلیم، صحت اور صاف پانی کی فراہمی فوج کی اولین ترجیح ہے، بلوچستان میں سڑکوں اور پلوں کے اہم منصوبے پاک فوج کے تعاون سے مکمل ہوئے، سی پیک کے پراجیکٹس کی سکیورٹی کےلیے بھی ہزاروں اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں۔