آٹا ملز کی سیلز دستاویزی ہو جائے گی جس کے باعث ان میں ڈر، خوف ہے: چیئرمین ایف بی آر
![](https://urduexpress.pk/wp-content/uploads/2024/07/371759_9937404_updates-1.jpg)
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین امجد زبیر ٹوانہ نے کہا کہ آٹا ملز والے اربوں کماتے ہیں اسی لیے ان پر ٹیکس بڑھایا، آٹا ملز مالکان کی سیلز دستاویزی ہو جائے گی جس کی وجہ سے ان میں ڈر اور خوف ہے، آمدن دستاویزی ہونے سے ملز مالکان کو پریشانی ہو رہی ہے۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر امجد زبیر ٹوانہ نے بتایاکہ فلور ملز کی آمدن کو دستاویزی بنایا جا رہا ہے، ان کی 10 کروڑ روپے سے زیادہ آمدن ہوئی تو ٹیکس بڑھ جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اب ان کی سیلز دستاویزی ہو جائے گی جس کی وجہ سے ان میں ڈر اور خوف ہے، وہ 10 کروڑ انکم پر ایک فیصد ٹیکس دینا نہیں چاہتے، ٹیکس وصولی میں کمی صرف رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں نہیں دیگر شعبوں میں بھی ہے،گاڑیوں اور سگریٹ سے ٹیکس وصولی میں کمی ہوئی ہے۔چیئرمین ایف بی آر نے مزید بتایاکہ 24لاکھ نان فائلرز کی شناخت کی ہے جس میں 18 لاکھ وہ لوگ ہیں جنہوں نے ٹیکس گوشوارے فائل کیے لیکن پھر بند کر دیے، 6 لاکھ افراد کو ان کی پراپرٹی اور گاڑیوں کی خریداری سے شناخت کیا۔