بیٹے کے خواہشمند باپ نے نومولود جڑواں بیٹیوں کو قتل کر دیا
بھارت میں بیٹا پیدا نہ ہونے پر اپنی نومولود جڑواں بیٹیوں کو قتل کرنے والے سنگ دل باپ کو بالآخر گرفتار کرلیا گیا۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 30 مئی کو ریاست ہریانہ کے شہر روہٹک میں نیرج سولنکی اور اس کی اہلیہ پوجا کے ہاں جڑواں بیٹیوں کی پیدائش ہوئی تھی۔لیکن بیٹا نہ ہونے کی وجہ سے نیرج اور اس کے گھر والے کافی ناخوش تھے۔یکم جون کو اسپتال سے چھٹی ملنے کے بعد نیرج کی اہلیہ نے اپنے والدین کے گھر جانے کا فیصلہ کیا اور گاڑی بلائی۔ اس دوران نیرج اور اس کے گھر والے اسپتال پہنچے اور بچیوں کو اپنے قبضے میں لیا اور پوجا کو کہا کہ وہ اپنی گاڑی میں بیٹھے اور ان کی گاڑی کے پیچھے آئے۔ تاہم نیرج نے اچانک اپنا راستہ درمیان میں بدلا اور گاڑی اور بچیوں کو لے کر کہیں اور چلا گیا۔ جب پوجا کے بھائی نے نیرج سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو اسے کوئی جواب نہیں ملا اور تمام فون بند کردیے گئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق پوجا اور اس کے گھر والوں کو بعد میں اطلاع ملی کہ اس کے سسرال والوں نے جڑواں بچیوں کو نئی دہلی کے سلطان پوری علاقے میں قتل کر کے دفن کر دیا ہے۔