وزیراعظم کا عام آدمی کیلئے سولر پینلز پر کسی قسم کی نئی ڈیوٹی نہ لگانے کا اعلان
کم لاگت اور قابل تجدید شمسی توانائی ہر شہری تک پہنچائیں گے، اشرافیہ اور ملکی وسائل کا استحصال کرنے والوں کی مراعات کو ختم کیا جائے گا۔ وفاقی کابینہ اجلاس میں اظہار خیال
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جون 2024ء ) وزیراعظم شہباز شریف نے عام آدمی کیلئے سولر پینلز پر کسی قسم کی نئی ڈیوٹی نہ لگانے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ عام آدمی کے لیے سولر پینلز پر کسی قسم کی نئی ڈیوٹی نہیں لگائی جائے گی، کم لاگت اور قابل تجدید شمسی توانائی ہر شہری تک پہنچائیں گے، معیشت کو مثبت سمت پرگامزن کرنے کے لیے بھرپورمنصوبہ بندی کررہے ہیں، ملک معاشی استحکام کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے، چھوٹے اور درمیانے پیمانے کی صنعت کو ترقی دے کر ملکی برآمدات میں اضافہ کریں گے، اشرافیہ اور ملکی وسائل کا استحصال کرنے والوں کی مراعات کو ختم کیا جائے گا، عام آدمی کو معاشی تحفظ اور ترقی کے یکساں مواقع دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے، بجٹ کے دوران وزراء پارلیمان میں حاضری یقینی بنائیں۔