تازہ ترین دلچسپ و عجیب

یوٹیوب کے بادشاہ مسٹر بیسٹ کی اصل کمائی کیا ہے ؟

Spread the love

(اُردو ایکسپریس)

یوٹیوب کے سب سے بڑے کریئٹر مسٹر بیسٹ (جمی ڈونلڈسن) کی آمدن کے حوالے سے اکثر چہ مگوئیاں ہوتی رہتی ہیں، لیکن ایک تازہ بلومبرگ رپورٹ کے مطابق ان کی سب سے بڑی کمائی یوٹیوب نہیں، بلکہ چاکلیٹ بزنس ہے!

مسٹر بیسٹ کی کمپنی بیسٹ انڈسٹریز کا ایک برانڈ فیسٹیبلز چاکلیٹ کی فروخت کرتا ہے، جس نے گزشتہ سال 250 ملین ڈالر کی سیلز کیں اور 20 ملین ڈالر سے زائد کا منافع کمایا۔ اس کے برعکس، ان کے میڈیا بزنس – جس میں یوٹیوب چینل اور ایمیزون پرائم کا رئیلٹی شو شامل ہیں – کو 80 ملین ڈالر کا نقصان ہوا۔

مسٹر بیسٹ نے اپنی سوشل میڈیا شہرت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کئی دوسرے کاروبار بھی کھڑے کیے، جن میں سنیک برانڈ لنچلی اور ڈیجیٹل ٹولز فراہم کرنے والی سافٹ ویئر کمپنی Viewstats شامل ہیں۔ سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنے کے لیے بیسٹ انڈسٹریز نے پچھلے چار سالوں میں 450 ملین ڈالر اکٹھے کیے اور اب مزید 200 ملین ڈالر فنڈنگ کی کوشش کر رہی ہے تاکہ وہ ویڈیو گیمز، مشروبات اور فٹنس انڈسٹری میں بھی قدم رکھ سکے۔

رپورٹ کے مطابق، متحدہ عرب امارات کی کمپنی الفا ویو نے پچھلے سال 300 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی، جس کے بعد بیسٹ انڈسٹریز کی مالیت 5 بلین ڈالر تک جا پہنچی۔

یوٹیوب پر اپنے مہنگے پروڈکشن اسٹائل کے لیے مشہور مسٹر بیسٹ فی ویڈیو 3 سے 4 ملین ڈالر خرچ کرتے ہیں۔ وہ اپنے ویڈیوز میں منفرد چیلنجز، شاندار سیٹ اپس، اور بڑے انعامات کی وجہ سے نوجوانوں میں بےحد مقبول ہیں۔

ایمازون پرائم نے ان کے رئیلٹی شو "بیسٹ گیمز” کے لیے 100 ملین ڈالر کی سب سے مہنگی ڈیل کی، لیکن زیادہ انعامی رقم اور غیر متوقع اخراجات کی وجہ سے پہلے سیزن میں بھاری نقصان ہوا۔ اس کے باوجود، ایمازون کے مطابق یہ ان کا سب سے کامیاب ریئلٹی شو رہا اور مزید دو سیزن کی منصوبہ بندی جاری ہے۔

مسٹر بیسٹ کی کہانی ثابت کرتی ہے کہ صرف یوٹیوب نہیں، بلکہ اس کے ذریعے بننے والی برانڈ ویلیو اور بزنس اسٹریٹجی ہی اصل کامیابی کی کنجی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے