(اُردو ایکسپریس) بھارتی کرکٹ اسٹار ویرات کوہلی نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا دلچسپ عندیہ دیا ہے۔ کوہلی، جنہوں نے بھارت کے 2024 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے کے بعد اس فارمیٹ کو خیرباد کہہ دیا تھا، نے ایک تقریب میں کہا کہ اگر بھارتی ٹیم 2028 لاس اینجلس اولمپکس کے فائنل میں پہنچتی ہے، تو وہ اس میچ کے لیے واپسی پر غور کر سکتے ہیں۔
آئی پی ایل فرنچائز رائل چیلنجرز بنگلور کی ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے، 36 سالہ کوہلی نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ وہ خاموشی سے آ کر فائنل کھیلیں گے، گولڈ میڈل جیتیں گے اور پھر واپس چلے جائیں گے۔
واضح رہے کہ 2028 میں کرکٹ 128 سال بعد اولمپکس میں دوبارہ شامل ہوگا، اور اس میں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ متوقع ہے۔ کوہلی نے کرکٹ کی اولمپکس میں واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کھیل کے لیے ایک شاندار موقع ہے اور اولمپک چیمپئن بننا ایک بڑی کامیابی ہوگی۔