(اُردو ایکسپریس) دبئی میں چیمپئنز ٹرافی کا بخار عروج پر، مگر شائقین کو اسٹیڈیم میں داخلے سے پہلے سخت قوانین کا سامنا کرنا ہوگا۔
انتظامیہ نے عوامی مقامات، ٹکٹ کاوئنٹرز اور پارکنگ ایریاز میں واضح ہدایات آویزاں کر دی ہیں تاکہ کسی بھی خلاف ورزی سے بچا جا سکے۔
انتظامیہ نے واضح کیا کہ کرکٹ صرف ایک کھیل ہے اور اسے اسی روح کے ساتھ دیکھا جائے۔
کسی بھی سیاسی نعرے بازی، بینرز یا پوسٹرز کی اجازت نہیں ہوگی۔
اسٹیڈیم کے باہر بڑے حروف میں لکھا گیا ہے: "سیاسی خیالات اور نعرے گھر پر چھوڑ آئیں!”
حفاظت کے پیش نظر کئی اشیاء پر پابندی عائد کی گئی ہے، جن میں ہتھیار، چھریاں، پستول اور دھماکہ خیز مواد شامل ہیں۔
ایک شائق نے ہنستے ہوئے کہا، "بم تو دور کی بات، کیا ہم اپنے ‘سرفراز’ والے انداز میں پانی کی بوتل بھی نہیں لا سکتے؟”
شائقین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کھانے پینے کی چیزیں گھر سے نہ لائیں، بلکہ اسٹیڈیم کے اندر موجود فوڈ کورٹس سے خریدیں۔ تاہم، چھوٹے بچوں کے والدین کو دودھ اور ضروری اشیاء لانے کی چھوٹ دی گئی ہے تاکہ انہیں کسی مشکل کا سامنا نہ ہو۔