(اردو ایکسپریس) چیمپئنز ٹرافی 2025 کے فائنل میں شاندار فتح کے بعد جہاں انڈین کھلاڑی جشن منا رہے تھے، وہیں وراٹ کوہلی کا ایک خاص لمحہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ کوہلی نے میدان میں موجود اپنے ساتھی کھلاڑی محمد شامی کی والدہ، انجم آرا، کے پاس جا کر ان کے پاؤں چھوئے اور خیریت دریافت کی۔
یہ جذباتی لمحہ کیمرے میں قید ہوگیا اور انٹرنیٹ پر تیزی سے وائرل ہوگیا۔ مداحوں نے کوہلی کے اس عمل کو سراہتے ہوئے اسے عزت و احترام کی بہترین مثال قرار دیا۔ ہندو ثقافت میں بڑوں کے پاؤں چھونا نیک شگون سمجھا جاتا ہے، اور کوہلی کے اس عمل کو خوب پذیرائی مل رہی ہے۔
اس کے علاوہ، ایک اور جذباتی لمحہ اس وقت آیا جب وراٹ کوہلی فتح کے فوراً بعد سٹیڈیم کے اسٹینڈز میں گئے اور اپنی اہلیہ، بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما کو گلے لگا کر خوشی کا اظہار کیا۔ یہ لمحات مداحوں کے لیے یادگار بن گئے اور سوشل میڈیا پر زبردست ردعمل دیکھنے کو ملا۔