پاکستان

واٹر ایڈ پاکستان کے تحت ہاتھ دھونے کا عالمی دن 2024 منایا گیا

Spread the love

(اُردو ایکسپریس) واٹر ایڈ پاکستان نے ہاتھ دھونے کے عالمی دن کی مناسبت سے لاہور میں ایک اہم تقریب کا انعقاد کیا جس میں بیماریوں سے بچاؤ اور صحت عامہ کے تحفظ کے لیے ہاتھوں کی صفائی کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ہاتھ دھونے کے عالمی دن کا اس سال کا تھیم، ”صاف ہاتھ اب بھی کیوں اہم ہیں؟“ رکھا گیاہے جس میں گھروں، اسکولوں، کمیونٹیز اور کام کی جگہوں پر ہاتھ دھونے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔لاہور کے مقامی (فلیٹیز ہوٹل) میں منعقد ہ اس پروگرام میں کلیدی اسٹیک ہولڈرز، حکومتی نمائندوں، کمیونٹی لیڈرز اور پالیسی سازوں نے شرکت کی اور پائیدار حفظان صحت کے حل پر غور و فکر کرنے، پانی، صفائی ستھرائی اور حفظان صحت (WASH) کے بنیادی ڈھانچے میں موجودہ چیلنجوں سے نمٹنے پر غور کیا۔

تقریب میں واٹر ایڈکے ہیلتھ بجٹ اور اخراجات کے تجزیہ کا مطالعہ بھی پیش کیا گیا جس میں حفظان صحت کی لازمی سہولیات تک پائیدار رسائی کو یقینی بنانے کے لیے WASH سروسز میں اسٹریٹجک سرمایہ کاری کی ضرورت کو اجاگر کیاگیاہے۔تقریب میں ممبر صوبائی اسمبلی عامر حیات ہراج،پنجاب حکومت کے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے چیئرمین (یو ڈی/ڈویلپمنٹ اتھارٹیز)ذیشان انور اعوان،پنجاب آب پاک اتھارٹی کے ڈی جی زوہیب بٹ،معروف کامیڈین و اداکار افتخار ٹھاکر،ایم ڈی واسا راولپنڈی سلیم اشرف سمیت دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔

سیشن کے اختتام پر بات کرتے ہوئے مہمان خصوصی، پارلیمانی سیکرٹری برائے تحفظ ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی کنول لیاقت نے کہا کہ،”حکومت پنجاب کی جانب سے WASHمینڈیٹ کو آگے بڑھانے کے عذم کا اعادہ کرتے ہیں۔ پنجاب حکومت اس بات کویقینی بنارہی ہے کہ اس حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز مل کر کام کریں۔“واٹر ایڈ پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر میاں محمد جنید نے اپنے اختتامی کلمات میں کہا کہ،”صاف ہاتھ صرف ایک مشق نہیں ہے، بلکہ صحت عامہ کے تحفظ کا ایک طاقتور ذریعہ ہے۔حفظان صحت کے پائیدار حل کو یقینی بنانے کے لیے ہم شراکت داروں اور کمیونٹیز کے ساتھ تعاون کرتے رہیں گے تاکہ پسماندہ کمیونیٹیز کی معاونت جاری رکھی جاسکے۔“انہوں نے حفظان صحت اور صحت عامہ کو آگے بڑھانے میں تعاون جاری رکھنے پرتمام اسٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے