(اُردو ایکسپریس) سرگودھا کی تحصیل شاہ پور میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں پانچ افراد نے بیرونِ ملک نوکری کے انٹرویو کا جھانسہ دے کر ایک معصوم لڑکی کو مبینہ اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ متاثرہ لڑکی کا والد رکشہ ڈرائیور ہے، جو اپنی بیٹی کے بہتر مستقبل کے خواب دیکھ رہا تھا، مگر درندہ صفت ملزمان نے اس کی بیٹی کو سفاکی کا نشانہ بنایا۔
حالت بگڑنے پر ظالم ملزمان لڑکی کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال میں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ واقعے پر پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے تھانہ جھال چکیاں میں مقدمہ درج کر لیا اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ڈی پی او سرگودھا نے اسپتال جا کر متاثرہ لڑکی کے والدین سے ملاقات کی اور انصاف کی فراہمی کی مکمل یقین دہانی کرائی۔