(اُردو ایکسپریس) ملک کے کئی حصوں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، خیبرپختونخوا، پنجاب اور بلوچستان میں طوفانی بارش اور پہاڑوں پر برفباری سے جاتی سردی ٹھہر گئی۔
ننکانہ صاحب، خانیوال، وہاڑی اور حجرہ شاہ مقیم سمیت رات گئے پنجاب کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارش سے جل تھل ایک ہو گیا اور نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہوگیا۔
مختلف اضلاع میں بارش کے ساتھ ہی کئی فیڈر ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جبکہ وادی نیلم، استور اور کالام میں برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
محکمہ موسمیات نے مزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی کردی، آزاد کشمیر، مری، گلیات اور ایبٹ آباد سمیت بالائی علاقوں میں آج مزید بارش اور برفباری کا امکان ہے جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے، سڑکوں پر پھسلن کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
وادی نیلم میں برفانی تودے تلے دبے 3 افراد کی لاشیں نہ نکالی جاسکیں
دوسری جانب ملک بھر میں طوفانی بارش اور برفباری تھم نہ سکی، وادی نیلم میں دبے 3 افراد کے لیے ریسکیو آپریشن روک دیا گیا، جمرود میں پہاڑی تودہ گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
بارش اور برفباری کے باعث آزاد کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ سے وادی نیلم اور وادی لیپہ کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، پیرچناسی میں پھنسے تمام سیاحوں کو ریسکیو کرلیا گیا، وادی نیلم میں برفانی تودے تلے دبے 3 افراد کی لاشیں نہ نکالی جاسکیں
خیبرپختونخوا میں بارش اوربرفباری سے سردی بڑھ گئی، پنجاب کے بیشتر شہروں میں جل تھل ایک ہوگیا، سکھر سمیت بالائی سندھ میں باران رحمت برس پڑی، بلوچستان کے کئی شہروں میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش ہوئی۔