(اُردو ایکسپریس) اسلام آباد، راولپنڈی، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش کا نیا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔
اسلام آباد، گلگت بلتستان، کشمیر، مری، گلیات اور خطہ پوٹھوہار میں آج شام تک بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ شمال مشرقی پنجاب اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے، جس کے نتیجے میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔
ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ برفباری کے باعث پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے والے شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔