(اُردو ایکسپریس)
بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ اداکار عامر خان کا کہنا ہے کہ ایک بار بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے ان کے لیے لیپ ٹاپ خریدا جسے انہوں نے برسوں تک نہیں کھولا۔
عامر خان نے ایک تقریب کے دوران بات کرتے ہوئے بتایا کہ شاہ رخ خان ہمیشہ سے ٹیکنالوجی کے حوالے سے ان سے آگے تھے اور ایک بار 1996 میں برطانیہ کے ایک دورے کے دوران شاہ رخ خان نے انہیں ایک لیپ ٹاپ خریدنے کی تجویز دی لیکن انہوں نے اسے خریدنا ضروری نہیں سمجھا۔
عامر خان نے واقعہ کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ شاہ رخ خان نے انہیں اس طرح قائل کیا کہ یہ کام اور ڈیٹا کے حوالے سے مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ عامر نے آخرکار رضامندی ظاہر کی اور شاہ رخ خان سے کہا، ’تم اپنے لیے ایک خرید لو، اور میرے لیے بھی ایک لے آؤ‘۔
مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے بتایا کہ لیپ ٹاپ خریدنے کے باوجود انہوں نے کبھی اسے استعمال نہیں کیا اور کئی سال بعد جب ان کے مینجر نے لیپ ٹاپ پڑے ہوئے دیکھا تو کہا کہ ’سر میں ہمیشہ آپ کا لیپ ٹاپ ایسے پڑا ہوا دیکھتا ہوں کیا میں اسے استعمال کر سکتا ہوں‘۔
عامر خان نے جواب دیا ’جی ہاں ضرور‘۔ جس پر مینجر نے لیپ ٹاپ اٹھا کر اسے آن کرنے کی کوشش کی تو وہ کام نہیں کر رہا تھا۔ بالی ووڈ اداکار نے ہنستے ہوئے کہا کہ ’ٹیکنالوجی اور میرا رشتہ بہت دور ہے‘۔”